ایک دن بادشاہ نے بیربل کو بےوقوف بنانے کا ارادہ کیا۔ اور اس نے ایک درباری کو اپنی انگوٹھی دے دی۔ اور کہا کہ جب بیربل دربار میں آئے تو خاموش رہے۔
دربار میں بیربل کو بادشاہ نے مخاطب کر کے کہا کہ آج میرے غسل کرنے کے دوران میری انگوٹھی گم ہو گئی ہے۔ اور مجھے یقین ہے کہ میرے درباریوں میں سے کسی ایک نے وہ انگوٹھی چرائی ہے۔
بادشاہ نے بیربل سے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ تم اچھے نجومی ہو۔ اب یہ تمھاری ذمہ داری ہے کہ چور کو تلاش کرو۔ کیونکہ میری وہ انگوٹھی بہت بیش قیمتی ہے۔
بیربل نے بادشاہ سے استفسارکیا کہ انہوں نے غسل کے لئے جانے کے پہلے انگوٹھی کہاں رکھی تھی؟
بادشاہ نے ایک الماری کی طرف اشارہ کیا۔ اورکہا کہ یہاں ۔
بیربل اس الماری کے قریب گیا اور اپنے کان اس الماری کے ساتھ لگا دئے۔جیسے وہ کچھ سن رہا ہو۔ کچھ دیر کے بعد اس نے کہا کہ۔
"الماری نے مجھے کہا ہے کہ انگوٹھی اس شخص نے چرائی ہے جس کی داڑھی میں تنکا ہے"
اس درباری نے جس کے پاس انگوٹھی تھی۔ اس نے جب یہ سنا تو بے ساختہ اس کا اپنا ہاتھ داڑھی کا معائنہ کرنے کے لئے اپنی داڑھی پر پھیرا۔
بیربل نے درباری کے داڑھی پر ہاتھ پھیرتے دیکھا تو اسے فوراً ہی بادشاہ کے سامنے حاضر کر دیا اور کہا کہ "مہاراج چور حاضر ہے"
بادشاہ بہت خوش ہوا اور بیربل کو بہت سا انعام و اکرام سے نوازا