اکبر اینڈ بیربل "منحوس کون"


ایک مرتبہ اکبر بادشاہ سے لوگوں نے شکایت کی کہ آپ کے راج میں ایک
ایسا آدمی ہے جس کا منہ صبح صبح دیکھو تو دن بھر کھانا ہی نہیں
ملتا- بادشاہ نے اسے آزمانے کے لئے بلایا اور اپنے کمرے کے سامنے سُلا
دیا- صبح اس کا منہ دیکھا اور واقعی اس دن کوئی ایسی بات ہو گئی کہ
جس کی وجہ سے بادشاہ دن بھر کھانا نہ کھا سکا- اس نے اس آدمی کو پھانسی
کا حکم دے دیا-
اس آدمی نے بیربل سے التجا کی کہ وہ اسے پھانسی سے بچا لے-
بیر بل نے بادشاہ سے پوچھا: آپ اسے پھانسی کیوں دے رہے ہیں؟
بادشاہ: یہ آدمی منحوس ہے، میں نے آج صبح اس کی شکل دیکھی تو مجھے کھانا نصیب نہیں ہوا-
بیر بل: بادشاہ سلامت آپ نے اس کی صورت دیکھی تو آپ کو کھانا نصیب - نہ ہوا
اور اس نے صبح آپ کی صورت دیکھی تو موت کا حکم مل گیا، تو منحوس 
کون ہوا؟